ہیٹی، فلوریڈا،8؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ہیٹی میں آنے والے سمندری طوفان میتھیو کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد آٹھ سو تک پہنچ گئی ہے جبکہ اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ اس طوفان سے ہونے والے نقصان کو جاننے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔منگل کو آنے والے طوفان میتھیو کے بعد جیسے جیسے امدادی کارکنوں کو جنوبی علاقوں تک رسائی حاصل ہوتی جا رہی ہے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ سامنے آ رہا ہے۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ براعظم امریکا کے غریب ملک ہیٹی میں یہ اب تک کا سب سے خطرناک سمندری طوفان ہے۔ جمعہ کی شام تک اس کے نتیجے میں900ہلاکتوں کی تصدیق کی جا چکی تھی۔ طوفان کے باعث کئی علاقے ایسے ہیں جہاں تک اب بھی امدادی کارکن نہیں پہنچ پائے ہیں۔ورلڈ فوڈ پروگرام کے کارلوس ویلوسو کا کہنا ہے کہ بعض متاثرہ علاقوں تک صرف سمندر یا فضائی راستوں کے ذریعے ہی پہنچا جا سکتا ہے۔اطلاعات کے مطابق ہیٹی میں آنے والے میتھیو سمندری طوفان کا اگلا رخ امریکی ریاست فلوریڈا ہے اور امریکا کے ساحلی علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔